بیجنگ ( مانیٹرنگ ڈیسک ) ایران کو اسلحہ فراہم کرنے کی خبروں پر چین کا رد عمل آ گیا ۔
تفصیلات کے مطابق چین نے ایران کو ہتھیار فراہم کرنے سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں مکمل طور پر من گھڑت قرار دے دیا ہے۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گوؤ جیاکون نے ایران کو چین کی جانب سے عسکری ساز و سامان فراہم کرنے سے متعلق خبروں پر ردِعمل دیا ہے۔
گوؤ جیاکون نے بیان میں کہا ہے کہ چین ہمیشہ عسکری برآمدات کے حوالے سے محتاط اور ذمے دارانہ پالیسی اختیار کرتا ہے، جس میں ملکی قوانین اور بین الاقوامی ذمے داریوں کی بنیاد پر سخت کنٹرولز نافذ ہیں۔ ہم بے بنیاد الزامات اور بدنیتی پر مبنی من گھڑت بیانیے کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے رپورٹ کیا تھا کہ امریکی انٹیلی جنس کے مطابق بیجنگ آئندہ چند ہفتوں کے اندر ایران کو نیا فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
دریں اثناء امریکی ناکہ بندی پر گوؤ جیاکون نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی بندرگاہوں پر امریکی ناکہ بندی خطرناک اور غیر ذمے دارانہ ہے۔
