انٹرنیشنلپاکستان

علاقائی کشیدگی پاکستان کیلئے اہم سبق ہے، دعا ہے امریکہ ، ایران جاری تنازع جلد ختم ہو :وزیر خزانہ

اسلام آباد وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ علاقائی کشیدگی پاکستان کیلئے اہم سبق ہے،دعا ہے امریکہ ، ایران جاری تنازع جلد ختم ہو ۔معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کیلئے کیپٹل مارکیٹ کا مضبوط ہونا ناگزیر ہے، جبکہ نجی شعبے کی شمولیت ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

اسلام آباد میں کیپٹل مارکیٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت کا بنیادی فوکس کرنٹ اکاؤنٹ کے استحکام پر ہے اور مالیاتی نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ حکومت عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دے کر مالیاتی نظام کو مستحکم بنانا چاہتی ہے، توانائی کے شعبے میں بھی اصلاحات جاری ہیں اور سولر، ونڈ اور ہائیڈرو پاور کے ذریعے توانائی کے حصول پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

’’دنیا نیوز ‘‘ کے مطابق محمد اورنگزیب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مالی نظم و ضبط، اقتصادی استحکام اور نجی شعبے کے فروغ کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھے گی۔

انہوں نے خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری تنازع جلد ختم ہو تاکہ عالمی معیشت پر منفی اثرات کم کیے جا سکیں۔ پاکستان کی قیادت خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے فعال کردار ادا کر رہی ہے، تاہم موجودہ صورتحال کے پیش نظر محتاط اور متوازن حکمت عملی اختیار کرنا ناگزیر ہے۔ حکومت کی توجہ کرنٹ اکاؤنٹ اور مالی خسارے کو کنٹرول کرنے پر مرکوز ہے جبکہ معاشی اشاریوں میں بتدریج بہتری آ رہی ہے، مشکل حالات کے باوجود ملکی معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے زور دیا کہ معاشی ترقی کیلئے کیپٹل مارکیٹ کا کردار نہایت اہم ہے اور چیلنجز کے باوجود پاکستان سٹاک مارکیٹ نے استحکام کا مظاہرہ کیا ہے، علاقائی کشیدگی پاکستان کیلئے ایک اہم سبق ہے کہ معیشت کو بیرونی جھٹکوں سے محفوظ بنایا جائے۔توانائی کے متبادل ذرائع کی جانب فوری منتقلی وقت کی ضرورت ہے اور اپنی ضروریات کیلئے خود انحصاری ناگزیر ہو چکی ہے، کمرشل فیصلے آزادانہ اور قومی مفاد کے مطابق کیے جانے چاہئیں۔ ملکی وسائل سے سرمایہ اکٹھا کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور خود انحصاری ہی معاشی استحکام کا اصل راستہ ہے،سٹاک اور کیپٹل مارکیٹ خود انحصاری کے حصول میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *