لاہور (ویب ڈیسک) آربیٹ انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام موجودہ دور میں میڈیا کے کردار پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایجوکیشن رپورٹر ایسوسی ایشن کے صدر عدنان لودھی کو کابینہ کے ہمراہ مدعو کیا گیا ۔ تقریب میں نامور صحافیوں ، اساتذہ اور طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ جی ایم آر بیٹ انسٹیٹیوٹ عروبہ زیدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں میڈیا اپنی پوری ذمہ داری سے کام کر رہا ہے جس کی وجہ سے تمام ادارے اپنا قبلہ درست رکھنے پر مجبور ہیں ۔ اگر میڈیا آزادانہ طریقے سے کام نہیں کرے گا تو کوئی ادارہ درست طریقے سے کام کرنے کی اہلیت کا حامل نہیں ہوگا ۔ ملک کے تمام اداروں کی اگر کارکردگی کا موازنہ کریں تو میڈیا کی کارکردگی سب سے نمایاں ہے جس پر ہمیں فخر ہے ۔ پرائیوٹ سیکٹر کو نئے فارغ التحصیل بچوں کو بھی آگے بڑھنے کا موقع دینا چاہیے تا کہ ملک سے بےروزگاری کا خاتمہ ہو اور مستقبل کے معماروں کو آگے بڑھنے کا شوق مزید پیدا ہو ۔ عروبہ زیدی کا کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ مایوسی ختم ہو اور نوجوانوں میں آگے بڑھنے کی لگن میں اضافہ ہو اور پاکستان مزید ترقی کرے ۔ پاکستانی نوجوان صلاحیتوں سے مالامال ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ انکو انکے روشن مسقبل کی ضمانت دی جائے انکا ادارہ اس کام کو باخوبی سرانجام دے رہا ہے جس سے نوجوانوں میں امید بڑھ رہی ہے ۔
صدر ایجوکیشن رپورٹر ایسوسی ایشن عدنان لودھی کا کہنا تھا کہ میڈیا نے ہمیشہ عوام کے جذبات اور احساسات کی ترجمانی کی اور نوجوانوں کو امید کا پیغام دیا ۔ پاکستانی طلباء نےہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا ۔ میڈیا کے شعبے میں باصلاحیت طلبہ وطالبات کی ضرورت ہمیشہ سے موجود رہی ہے ۔ باصلاحیت انسان کا کوئی بھی رستہ نہیں روک سکتا ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرے اور حوصلہ افزائی کرے ۔ اس موقع پر عروبہ زیدی جی ایم آر بیٹ انسٹیٹیوٹ نے اعلی کارکردگی کے حامل طلبہ وطالبات کو یادگاری شلیڈز بھی دیں اور صدر ایجوکیشن رپورٹرز ایسوسی ایشن عدنان لودھی کو بھی سیونئیر سے نوازا
انٹرنیشنل
آربیٹ انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام موجودہ دور میں میڈیا کے کردار پر تقریب کا انعقاد
