وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ کے مطابق نئی اسپیکٹرم نیلامی سے انٹرنیٹ کی رفتار بہتر ہوگی اور پاکستان میں پہلی بار 5جی سروس شروع کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار بہتر بنانے اور 5جی سروس متعارف کرانے کے لیے آئندہ ماہ 600 میگا ہرٹز اسپیکٹرم کی نیلامی کی جائے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں ٹیلی کام کمپنیاں صرف 274 میگا ہرٹز اسپیکٹرم کے ذریعے خدمات فراہم کر رہی ہیں، جو 24 کروڑ آبادی کے لحاظ سے انتہائی کم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کئی برسوں سے بڑی اسپیکٹرم نیلامی نہ ہونے کے باعث پاکستان میں اسپیکٹرم کی شدید کمی ہے، جبکہ بنگلہ دیش جیسے ممالک اس حوالے سے پاکستان سے آگے ہیں۔
وزیر آئی ٹی کے مطابق نئی نیلامی نہ صرف 3جی اور 4جی سروسز کو بہتر بنائے گی بلکہ پاکستان میں پہلی بار 5جی ٹیکنالوجی متعارف کرانے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں انٹرنیٹ بنیادی ڈھانچے کا اہم حصہ بن چکا ہے اور یہ معاشی ترقی، روزگار کے مواقع اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
