ٹیکنالوجی کمپنی کولر کی جانب سے متعارف کرائے گئے ٹوائلٹ اسمارٹ کیمرے سے متعلق سیکیورٹی خدشات سامنے آگئے ہیں، جہاں ایک محقق نے دعویٰ کیا ہے کہ اس ڈیوائس کے ذریعے حاصل ہونے والے ڈیٹا تک کمپنی کو رسائی حاصل ہو سکتی ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق کولر نے اس سال کے آغاز میں ’ڈیکوڈا‘ نامی ایک اسمارٹ کیمرہ متعارف کرایا تھا، جسے ٹوائلٹ کی دیوار پر نصب کیا جاتا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ کیمرہ ٹوائلٹ میں موجود مواد کی تصاویر لے کر ان کا تجزیہ کرتا ہے اور صارف کو آنتوں کی صحت سے متعلق معلومات فراہم کرتا ہے۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ یہ سینسر صرف ٹوائلٹ کے اندر دیکھتا ہے اور حاصل ہونے والا تمام ڈیٹا اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ذریعے محفوظ رکھا جاتا ہے تاکہ صارفین کی پرائیویسی برقرار رہے۔
تاہم سیکیورٹی ریسرچر سائمن فونڈری ٹیٹلر نے اپنی بلاگ پوسٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ کمپنی کا یہ دعویٰ مکمل طور پر درست نہیں۔ ان کے مطابق کمپنی دراصل ٹی ایل ایس انکرپشن استعمال کرتی ہے، جو صرف ڈیٹا کی انٹرنیٹ کے ذریعے منتقلی کے دوران حفاظت فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ حقیقی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن میں ڈیٹا تک رسائی صرف بھیجنے والے اور وصول کرنے والے کو ہوتی ہے، جیسا کہ آئی میسیج، سگنل اور واٹس ایپ جیسی ایپس میں ہوتا ہے۔
ریسرچر کے مطابق کولر کے سرورز پر ڈیٹا کو ڈی کرپٹ کیا جاتا ہے تاکہ اس پر پراسیسنگ کی جا سکے، جس کا مطلب ہے کہ کمپنی کے پاس صارفین کی تصاویر تک رسائی ممکن ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورت میں یہ ڈیٹا مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کی تربیت کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب کولر نے وضاحت کی ہے کہ اس کے الگورتھمز صرف غیر شناخت شدہ (ڈی آئیڈنٹیفائیڈ) ڈیٹا پر تربیت حاصل کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ اسمارٹ کیمرہ 599 ڈالر میں دستیاب ہے جبکہ اسے استعمال کرنے کے لیے کم از کم 6.99 ڈالر ماہانہ سبسکرپشن بھی ادا کرنا پڑتی ہے۔
