اہم خبرپاکستان

خواتین کی تعلیم اور خودمختاری پر خصوصی توجہ ناگزیر ہے،وزیراعظم

اسلام آباد؛وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ خواندگی کے ثمرات سے مستفید ہونے کےلئے خواتین کی تعلیم اور خود مختار بنانے پر خصوصی توجہ دینا بھی ناگزیر ہے۔ تعلیمی دھارے سے باہر بچوں کے سکول میں داخلے کے لئے وفاقی حکومت نے خصوصی پروگرام شروع کیا ہے۔ خواندگی کے عالمی دن 8 ستمبر 2026 پر پیغام میںوزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج خواندگی کے عالمی دن پر پاکستان دنیا کے ساتھ ہم آواز ہو کر جذبہِ علم و تدریس، اور علم سیکھنے کی طلب کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ خواندگی انفرادی اور قومی معیار زندگی کے تعین اور ہر شعبہ میں ترقی و خوشحالی کی جانب سمت متعین کرنے میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔اس سال خواندگی کا عالمی دن ”افراد، کرہ ارض اور خوشحالی کے لیے خواندگی“ کے زیرعنوان منایا جا رہا ہے۔ خواندگی افراد کو بااختیار، باشعور بناتی ہے تاکہ معاشرتی پائیدار ترقی کی منزل حاصل کی جا سکے۔وزیراعظم نے کہا کہ خواندگی کے فروغ اور تعلیم و تدریس میں باہمی تعاون بلاشبہ ہماری انفرادی، قومی اور عالمی ترجیح ہونی چاہئے تاکہ نوعِ انسان کے مشترکہ مفادات اور پُر امن بقائے باہمی جیسی مثبت اقدار کو فروغ دیا جاسکے۔قومی سطح پر حکومت سب کے لیے مساوی، جامع اور معیاری تعلیم یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے، جس میں ڈیجیٹل خواندگی، ہنرمندی کے فروغ، تحقیق اور جدت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ وفاقی حکومت ملک میں خواندگی کی شرح بڑھانے اور حلقہِ تعلیم میں شامل طلبا و طالبات کے لئے عصر حاضر سے ہم آہنگ تعلیم کی فراہمی کے لئے صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اکائیوں کے ساتھ مل کر جامع حکمت عملی پر کام کر رہی ہے
۔ وزیراعظم نے کہا کہ تعلیمی دھارے سے باہر بچوں کے سکول میں داخلے کے لئے وفاقی حکومت نے خصوصی پروگرام شروع کیا ہے۔ اس سلسلے میں دانش اسکولز جیسے اقدامات اس عزم کے عکاس ہیں کہ کسی بچے کے لیے معیاری تعلیم کے حصول کا انحصار اس کے سماجی و معاشی حالات پر نہیں ہونا چاہیے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مستحق اور پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے بچوں، بالخصوص یتیم بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کرکے یہ ادارے صلاحیتوں کو پروان چڑھانے، اعتماد پیدا کرنے اور بہتر مستقبل کی راہیں ہموار کرنے میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔ ایسی کاوشیں معیاری تعلیم کو سماجی ترقی اور قومی شمولیت کا ذریعہ بنانے کے ہمارے عزم کی عکاس ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ تعلیمی مواقع کی فراہمی کے علاوہ نوجوان افرادی قوت کی عالمی معیار کے مطابق اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ اور کارآمد ہنر مندی کے لیے قومی سطح پر نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن NAVTTC کو مُوثر اور فعال کیا گیا ہے، تاکہ نوجوانوں کو باعزت روزگار، کاروبار اور معاشی مواقع کی وسعت کی جانب لے جایا جاسکے۔وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم، ہنرمندی کے فروغ اور بدلتے ہوئے افرادی قوت کے تقاضوں کے مابین ربط کو مضبوط بنا کر ہم نوجوانوں کو معیشت اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں فعال شراکت دار بنا سکتے ہیں۔
خواندگی کے ثمرات سے مستفید ہونے کےلئے خواتین کی تعلیم اور خود مختار بنانے پر خصوصی توجہ دینا بھی ناگزیر ہے۔ ملک کی جامع ترقی اس امر پر منحصر ہے کہ خواتین کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کے مساوی مواقع حاصل ہوں۔وزیراعظم نے کہا کہ بہتر شرح خواندگی اور معیاری نظامِ تعلیم جیسے قومی مقصد کو حاصل کرنے کے لئے حکومت، تعلیمی اداروں، طالبِ علم، اساتذہ، والدین،سول سوسائٹی، ترقیاتی شراکت دار، نجی شعبہ اور ذرائع ابلاغ سب کو باہمی تعاون اور متحد ہو کر مُوثر کردار ادا کرنا ہوگا۔آئیے ہم عزم کریں کہ ہم بحیثیت قوم اپنی نوجوان نسل کو علم کی روشنی سے منور کریں گے اور ترقی سے مزین خوشحال، باکمال مستقبل کو یقینی بنائیں گے

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *