پاکستان نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے افسوسناک حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ سجاد حیدر خان نے برادر اسلامی ملک کی خود مختاری اور سلامتی کے مکمل احترام کا اعادہ کیا، کہا پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان سمیت عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی سے متعلق اسرائیلی بیانات اور تجاویز مسترد کرتے ہوئے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
سجاد حیدر خان نے بھارت کے شہر سہارنپور میں قدیم مسجد منہدم کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مذہبی آزادی کے خلاف قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ بھارت یکطرفہ اقدامات کے ذریعے جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں کرسکتا۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان 5 ستمبر کو سہارنپور میں پرانی مسجد مسمار کیے جانے کی سختی سے مذمت کرتا ہے، مذہبی آزادیوں کا احترام ہونا چاہیے اور کسی بھی مذہبی مقام کے خلاف کارروائی قابل مذمت ہے۔
سجاد حیدر خان نے کہا کہ پاکستان یاسین ملک کے خلاف قائم مقدمے کی بھی مذمت کرتا ہے۔ ان کا بیانِ حلفی بھارتی عدالتی نظام کے منہ پر طمانچہ ہے۔ پاکستان نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ یاسین ملک کی صحت کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گلوبل گورننس انیشی ایٹو چین کا ایک اہم منصوبہ ہے اور پاکستان اس کا حصہ ہے۔ پاکستان اس منصوبے کے تحت چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
پاکستان
پاکستان کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت، سعودی عوام سے یکجہتی کا اظہار
