موجودہ دور میں موبائل فون روزمرہ زندگی کا اہم حصہ بن چکا ہے اور زیادہ تر لوگ دن بھر کئی بار اپنی اسکرین چیک کرتے ہیں۔ اگرچہ ٹیکنالوجی نے زندگی کو آسان بنایا ہے، لیکن اس کے زیادہ استعمال سے صحت اور ذہنی سکون پر منفی اثرات بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔ خاص طور پر صبح آنکھ کھلتے ہی موبائل فون دیکھنے کی عادت کو ماہرین صحت تشویشناک قرار دیتے ہیں۔
ایک سروے کے مطابق تقریباً 84 فیصد افراد جاگنے کے فوراً بعد یا پندرہ منٹ کے اندر موبائل فون استعمال کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ عادت دماغ کے قدرتی بیداری کے عمل کو متاثر کر سکتی ہے۔
تحقیقی رپورٹس کے مطابق نیند سے بیدار ہونے کے بعد دماغ ابتدا میں گہرے سکون کی کیفیت میں ہوتا ہے اور آہستہ آہستہ مختلف مراحل سے گزرتے ہوئے مکمل طور پر فعال حالت میں آتا ہے۔ اگر کوئی شخص جاگتے ہی موبائل فون استعمال کرنا شروع کر دے تو دماغ کو اچانک مکمل سرگرمی کی حالت میں جانا پڑتا ہے، جس سے ذہنی دباؤ، بے چینی اور چڑچڑاپن جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ بعض افراد کو اس کے باعث دن بھر تھکن یا کام میں عدم دلچسپی بھی محسوس ہو سکتی ہے۔
ماہرین صحت مشورہ دیتے ہیں کہ بیدار ہونے کے بعد کم از کم تیس منٹ سے ایک گھنٹہ تک موبائل فون استعمال کرنے سے گریز کیا جائے تاکہ دماغ کو قدرتی طور پر بیدار ہونے کا مناسب وقت مل سکے۔ اسی طرح سونے سے پہلے اسکرین دیکھنے کی عادت بھی نیند کے معیار کو متاثر کر سکتی ہے، جس کے نتیجے میں جسمانی اور ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
اسی لیے ماہرین کا کہنا ہے کہ بہتر صحت اور متوازن طرزِ زندگی کے لیے موبائل فون کے استعمال میں اعتدال اختیار کرنا اور اس کے لیے مناسب وقت کا تعین کرنا نہایت ضروری ہے۔
