اہم خبرپاکستان

ڈی آئی خان؛ امن میلہ چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، 11 افراد شہید، 30 زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان: ڈیرہ اسماعیل خان، کوئٹہ روڈ پر درازندہ کے علاقے میں انسدادِ اسمگلنگ امن میلہ پولیس چیک پوسٹ پر مبینہ خودکش حملے کے نتیجے میں 11 افراد شہید جبکہ پولیس اہلکاروں، کسٹمز حکام اور عام شہریوں سمیت 30 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق بارود سے بھری گاڑی کو انسدادِ اسمگلنگ چیک پوسٹ سے ٹکرایا گیا، جس کے نتیجے میں انتہائی شدید دھماکا ہوا۔ دھماکے کی شدت کے باعث چیک پوسٹ اور اطراف کے علاقے میں بھاری نقصان کی اطلاعات ہیں۔ذرائع کے مطابق شہداء میں 6 پولیس اہلکار، 2 کسٹمز اہلکار، 2 خواتین اور 2 سالہ بچہ شامل ہے۔ دھماکے میں 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں پولیس اہلکار، کسٹمز حکام اور عام شہری بھی شامل ہیں۔زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، جس کے باعث مزید جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی مراکز منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔دھماکے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں جبکہ حملے کی نوعیت اور ذمہ دار عناصر کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ انسدادِ اسمگلنگ چیک پوسٹ کو نشانہ بنانا دہشت گرد عناصر اور جرائم پیشہ گروہوں کے ممکنہ گٹھ جوڑ کی جانب اشارہ کرتا ہے، تاہم اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق ہونا باقی ہے۔ذرائع کے مطابق مقامی آبادی میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش پائی جاتی ہے اور حالیہ حملے کے بعد علاقے میں خوف و بے چینی کی فضا پیدا ہوگئی ہے۔سیکیورٹی اداروں نے علاقے میں نگرانی مزید سخت کردی ہے جبکہ سرچ آپریشن جاری ہے۔ حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *