کوئٹہ :بلوچستان میں خواتین کے مسائل کو براہ راست سننے اور ان کے حل کے لیے پہلی مرتبہ تین اضلاع میں خواتین کے لیے خصوصی کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا، جس میں 600 سے زائد خواتین نے شرکت کی۔ ایف سی بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے صحبت پور، سبی اور ہرنائی میں منعقدہ کھلی کچہریوں کو خواتین کے حقوق، بنیادی سہولیات اور سماجی و معاشی مسائل کے حل کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔کھلی کچہریوں میں خواتین نے اپنے بنیادی حقوق، تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر درپیش مسائل سے متعلق متعلقہ حکام کو آگاہ کیا۔ شرکا نے اپنے علاقوں میں خواتین کو درپیش مشکلات اور انہیں درکار سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کیں۔اس موقع پر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے خواتین کے مسائل سنے اور انہیں درپیش مشکلات کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔حکام کے مطابق خواتین کو براہ راست اپنے مسائل متعلقہ اداروں تک پہنچانے کا موقع فراہم کرنے کا مقصد انہیں بااختیار بنانا اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔شرکا نے کھلی کچہریوں کے انعقاد کو مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے فورمز سے خواتین کو اپنے مسائل کے اظہار اور ان کے حل کے لیے مؤثر ادارہ جاتی رسائی حاصل ہوگی۔اس اقدام کو بلوچستان میں خواتین کی خودمختاری، باوقار مستقبل اور حقوق کے تحفظ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ مستقبل میں ایسے اقدامات کا دائرہ مزید علاقوں تک بڑھانے سے خواتین کو درپیش مسائل کے حل میں مدد مل سکتی ہے
اہم خبربلوچستان
بلوچستان کے تین اضلاع میں خواتین کیلئے خصوصی کھلی کچہریاں منعقد
