اہم خبربلوچستان

بلوچستان میں 720 نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کیلئے ووکیشنل ٹریننگ پروگرام شروع

حکومت بلوچستان نے صوبے کے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے، بے روزگاری کے خاتمے اور معاشی خودمختاری کے فروغ کے لیے کوئٹہ میں ”یوتھ ووکیشنل اسکلز ٹریننگ پروگرام“ کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات پر شروع کیے گئے اس پروگرام میں مشیر وزیراعلیٰ برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید نے اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی کی خصوصی کاوشیں بھی اس منصوبے کے آغاز میں شامل ہیں۔پروگرام کا بنیادی مقصد نوجوانوں بالخصوص خواتین کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق فنی و پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرنا، انہیں باعزت روزگار کے حصول کے قابل بنانا اور خود روزگاری کے مواقع فراہم کرکے معاشی طور پر خودمختار بنانا ہے۔ اس سلسلے میں کوئٹہ کے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں عملی تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر معاشرے کی تعمیر و ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔پروگرام کے تحت اس وقت 240 سے زائد طالبات بیوٹیشن، ہینڈ ایمبرائیڈری اور دیگر فنی شعبوں میں تربیت حاصل کر رہی ہیں۔ طالبات کو عملی مہارتوں کی فراہمی کے ساتھ ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ وہ تربیت مکمل کرنے کے بعد نہ صرف باعزت روزگار حاصل کر سکیں بلکہ اپنے چھوٹے کاروبار شروع کرکے خاندان کی معاشی خوشحالی میں بھی کردار ادا کر سکیں۔حکومت بلوچستان کے اس منصوبے کے تحت کوئٹہ میں مجموعی طور پر 720 سے زائد نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں فنی و پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پروگرام میں نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں روزگار اور خود روزگاری کی جانب راغب کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ماہرین کے مطابق فنی و پیشہ ورانہ تعلیم نوجوانوں خصوصاً خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور بے روزگاری میں کمی لانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ حکومت بلوچستان کی جانب سے یوتھ ووکیشنل اسکلز ٹریننگ پروگرام کا آغاز صوبے میں فنی تعلیم کے فروغ، خواتین کی معاشی خودمختاری اور نوجوانوں کے لیے بہتر مستقبل کی راہیں ہموار کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔اس پروگرام سے توقع کی جا رہی ہے کہ تربیت حاصل کرنے والے نوجوان اپنی صلاحیتوں اور مہارتوں کی بدولت روزگار کے نئے مواقع حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ چھوٹے کاروبار قائم کرنے کے قابل ہوں گے، جس سے صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور نوجوانوں کی خودانحصاری میں مدد ملے گی

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *