ترجمان پی ڈی ایم اے بلوچستان کے مطابق ضلع لسبیلہ میں گزشتہ شب ہونے والی موسلادھار بارش، گرج چمک اور تیز آندھی کے باعث مختلف تحصیلوں میں سیلابی صورتحال، مکانات و انفراسٹرکچر کو نقصان اور جانی ضیا ع کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں ابتدائی اطلاعات کے مطابق متعدد علاقے متاثر ہوئے ہیں جبکہ نقصانات کے مکمل تخمینے کا عمل جاری ہے۔
تحصیل بیلا میں خنٹا ندی اور پورالی دریا میں طغیانی کے باعث پانی کی سطح بلند ہو گئی، اسماعیلانی گوٹھ میں آساڈورا ندی برساتی نالہ کے اوور فلو ہونے سے تقریباً 40 سے 50 مکانات زیر آب آ گئے۔ اس کے علاوہ سریانواری، کماچا، اسماعیلانی اور واریانی کے علاقے بھی متاثر ہوئے جہاں مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،اسی دوران میونسپل کمیٹی بیلا کے دفتر میں واقع پارکنگ شیڈ تیز آندھی کے باعث منہدم ہو گیا جس کے نتیجے میں وہاں کھڑی متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
تحصیل اُتھل میں، موضع پوان میں کم از کم 5 گھروں کی چھتیں گر گئیں۔ مزید برآں موضع ڈمبی میں دیوار گرنے کے باعث ایک کمسن بچی جاں بحق جبکہ ایک بچی زخمی ہوئی مویشیوں کے نقصان کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم حتمی اعداد و شمار تاحال مرتب کیے جا رہے ہیں ۔تحصیل لیاری کے گوٹھ میر گنجداد (موضع میلان) میں دو مکانات کی لکڑی کی چھتیں گرنے کے واقعات پیش آئے، تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور نقصانات کے تفصیلی تخمینے کا عمل جاری ہے۔
