کوئٹہ (خ ن) وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ استاد صرف علم منتقل نہیں کرتا بلکہ وہ نئی نسل کی سوچ، کردار اور مستقبل کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے، معاشرے کی علمی و سماجی ترقی میں اساتذہ کی خدمات کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے یہ بات اساتذہ کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے جاری کردہ بیان میں کہی۔ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کے اساتذہ بالخصوص دور دراز علاقوں میں محدود وسائل اور مختلف مشکلات کے باوجود بچوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہے ہیں، ان کی محنت اور خدمات احترام اور تحسین کی مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچیوں کی تعلیم کے فروغ میں خواتین اساتذہ کا کردار نہایت اہم ہے، ایک تعلیم یافتہ بچی آگے چل کر اپنے خاندان اور معاشرے میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنتی ہے اور اس پورے سفر میں استاد کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان صوبے میں تعلیمی نظام کی بہتری، اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے اور تدریسی معیار بہتر بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔ تعلیمی اداروں کو فعال اور تدریسی عمل کو مؤثر بنانا صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے ضروری ہے۔صوبائی مشیر نے مزید کہا کہ اساتذہ کو جدید تدریسی تربیت، بہتر تعلیمی ماحول اور ضروری سہولیات کی فراہمی تعلیمی معیار میں بہتری کے لیے ضروری ہے، کیونکہ معیاری تعلیم کا براہِ راست تعلق ایک قابل اور بااختیار تدریسی نظام سے ہے۔ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ اساتذہ کی محنت کے اثرات کلاس روم تک محدود نہیں رہتے بلکہ نسلوں تک منتقل ہوتے ہیں، اس لیے استاد کا احترام اور اس کی خدمات کا اعتراف ایک مہذب اور علم دوست معاشرے کی پہچان ہے۔
اہم خبربلوچستان
بچیوں کی تعلیم کے فروغ میں خواتین اساتذہ کا کردار انتہائی اہم ہے، ربابہ بلیدی
