وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت صوبے کے نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے سلسلے میں آج ڈپٹی کمشنر آفس صحبت پور میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر میر سلیم خان کھوسہ تھے ، ڈسٹرکٹ منیجر صحبت پور بابر خان جمالی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
پی پی ایچ آئی میں میرٹ کی بنیاد پر نئے تعینات ہونے والے امیدواروں میں تقرری کے آرڈرز تقسیم کیے گئے۔ صوبائی وزیر میر سلیم خان کھوسہ اور ڈپٹی کمشنر صحبت پور، میڈم فریدہ ترین نے مشترکہ طور پر کامیاب امیدواروں کو آرڈرز حوالے کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا کر رہی ہے بلکہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے بھی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے نئے تعینات ہونے والے ملازمین کو مخاطب کرتے ہوئے زور دیا کہ وہ اپنے فرائض منصبی دیانتداری، محنت اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ کی تعیناتی کا بنیادی مقصد عوام کی خدمت ہے، لہٰذا عوامی فلاح و بہبود کو ہمیشہ اپنی ترجیح بنائیں اور اپنے ادارے کی ساکھ کو بہتر بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے حکومت بلوچستان کی جانب سے میرٹ پر تقرریوں کے عمل کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس سے نہ صرف نوجوانوں کو باعزت روزگار ملے گا بلکہ سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔
