اہم خبربلوچستان

نواز شریف کی جمہوری خدمات اور قربانیاں قابلِ قدر ہیں، گورنر بلوچستان

کوئٹہ (آن لائن) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف تین مرتبہ پاکستان کے وزیراعظم رہ چکے ہیں پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا اور جمہوریت کی پاسداری، سیاسی جدوجہد اور ملک میں جمہوری عمل کے تسلسل کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان کیلئے گراں قدر خدمات ہیں۔ قائد میاں محمد نواز شریف کی جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے خدمات اور قربانیاں قابلِ قدر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاس کوئٹہ میں بلوچستان انٹرنیشنل تھنک ٹینک، فرینڈز آف یونیورس اور پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے زیرِ اہتمام دی رئیل ڈیموکریٹ میاں محمد نواز شریف انٹرنیشنل سول ایوارڈ کی تقریبِ رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ سیاسی و جمہوری قائدین میں خان عبدالولی خان کے بعد میاں محمد نواز شریف ایک بڑے سیاسی رہنما ہیں جنہوں نے ملک کی سیاست میں ایک نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی اصولی سیاست پر یقین رکھتے ہوئے پشتون، بلوچ قوم پرست قائدین سمیت تمام سیاسی رہنماں کے ساتھ خوشگوار اور احترام پر مبنی تعلقات کے قائل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حکومت سازی کے وقت میاں محمد نواز شریف کی واضح ہدایت تھی کہ بلوچستان میں سب کو ساتھ لیکر آگے بڑھیں۔ ان کی یہ سوچ کہ تمام سیاسی قوتوں کے ساتھ احترام کا رشتہ قائم رکھا جائے اور ہر ایک کو عزت دی جائے، ایک قابلِ ستائش سیاسی روایت ہے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ دی رئیل ڈیموکریٹ انٹرنیشنل سول ایوارڈ کو میاں محمد نواز شریف سے منسوب کرنا ایک قابلِ تحسین اقدام ہے۔ ان کے نزدیک یہ ایوارڈ نہ صرف ایک شخصیت کی سیاسی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ جمہوری جدوجہد، سیاسی برداشت اور عوامی خدمت کے اصولوں کو اجاگر کرنے کا ذریعہ بھی بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری معاشرے میں سیاسی رہنماں کی خدمات کا اعتراف نئی نسل کو سیاسی جدوجہد، جمہوری اقدار اور عوامی خدمت کی اہمیت سے آگاہ کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایسی مثبت سرگرمیوں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہیگا۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ یہ ایوارڈ ان کی نظر میں بہت مقدم ہے اور جمہوری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا یہ سفر جاری رہیگا۔ تقریب رونمائی میں اراکین قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ، اختر بی بی، صوبائی وزرا میر عاصم کرد گیلو، راحیلہ حمید خان درانی، سینیٹر سعید الحسن مندوخیل، رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل، وزیراعلی بلوچستان کے مشیر نسیم الرحمن ملاخیل، خلیل جارج، حاجی یونس بلوچ سمیت مسلم لیگ (ن)کے رہنماں، کارکنوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے دی رئیل ڈیموکریٹ میاں محمد نواز شریف انٹرنیشنل سول ایوارڈ کو جمہوری خدمات کے اعتراف اور سیاسی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی ایک مثبت کاوش قرار دیا

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *