بلوچستان

محنت کش طبقہ ملکی ترقی کا بنیادی ستون ہے، سردار سربلند جوگیزئی کا بیان

پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے مرکزی رہنما سردارسربلندجوگیزئی نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر شکاگو کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ قومی ترقی وخوشحالی میں محنت کش طبقے کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے،معاشرے میں محنت کش طبقے کی عزت وقار اور حقوق کا تحفظ کئے بغیرترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا،پاکستان پیپلز پارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ شہید قائد ذوالفقار علی بھٹو نے 1972ء میں ملک کی پہلی لیبر پالیسی کا اجراکرتے ہوئے مزدوروں کے حقو ق کو تحفظ دیا۔
یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 1886ء میں شکاگو کے مزدوروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اور اپنے جھنڈوں کو لہو سے سرخ کر کے تاریخ میں اپنا نام ہمیشہ کے لیے زندہ جاوید کردیا،یوم مئی محنت کشوں کے لیے تجدید عہد کا دن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی محنت کشوں کی جماعت ہے جس نے ہمیشہ محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں وفاق میں بینظیر ایمپلائیز اسٹاک آپشن اسکیم کے تحت سرکاری صنعتی اداروں میں محنت کشوں کو شراکت دار بنایا تھا، پاکستان پیپلزپارٹی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں ریکارڈ اضافہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ روٹی کپڑا اور مکان پیپلزپارٹی کا منشور ہے ہم قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے منشور پر عمل پیرا ہیں ملک کے تمام محنت کشوں کی حمایت سے پاکستان پیپلزپارٹی دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد محنت کشوں کی مشکلات کو ترجیحی بنیاد حل کریگی۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے محنت کش پاکستان پیپلز پارٹی کے جھنڈے تلے محدود ہوکر بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کریں کیونکہ پیپلزپارٹی ہی مزدوروں کو انکا حق دلاسکتی ہے۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *