اہم خبرپاکستان

پیٹرول بحران کے پیشِ نظر خیبرپختونخوا حکومت کا کفایت شعاری مہم کا آغاز، غیر ضروری سرکاری دوروں پر پابندی

عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کے ممکنہ بحران اور سپلائی چین میں خلل کے خدشات کے پیش نظر Khyber Pakhtunkhwa حکومت نے صوبے میں سرکاری اخراجات کم کرنے اور ایندھن کے استعمال کو محدود کرنے کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ماتحت دفاتر اور محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پیٹرول اور دیگر ایندھن کا استعمال صرف ناگزیر سرکاری امور، ہنگامی صورتحال اور ضروری فیلڈ سرگرمیوں تک محدود رکھا جائے۔ غیر ضروری دوروں، رسمی ملاقاتوں اور غیر اہم معائنوں پر فوری پابندی عائد کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سرکاری گاڑیاں صرف سرکاری کام کے لیے استعمال ہوں اور ایک ہی مقصد کے لیے متعدد گاڑیوں کے استعمال سے گریز کیا جائے، جبکہ مشترکہ استعمال کو فروغ دیا جائے۔ محکموں کے درمیان اجلاس ممکنہ حد تک آن لائن یا ورچوئل پلیٹ فارمز پر منعقد کیے جائیں تاکہ ایندھن کے استعمال میں کمی لائی جا سکے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے تمام دفاتر کو ہدایت کی ہے کہ ایندھن کی تقسیم اور سرکاری گاڑیوں کے استعمال کی باقاعدہ نگرانی اور ریکارڈ رکھا جائے، اور افسران و عملے کو کفایت شعاری کی پالیسی سے آگاہ کیا جائے تاکہ اس پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ کفایت شعاری مہم سے بجٹ سازی کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے، اور یہ اقدامات عالمی توانائی بحران اور ممکنہ سپلائی مسائل کے پیش نظر حکومتی نظام کو بلا تعطل چلانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *