انٹرنیشنلاہم خبرپاکستان

پاکستانی پارلیمان کو 100 فیصد شمسی توانائی پر گرین میس ایوارڈ سے نواز دیا گیا

اسلام آباد:پاکستان کی پارلیمان کو 69ویں دولت مشترکہ پارلیمانی کانفرنس میں ماحول دوست اقدامات اور 100 فیصد شمسی توانائی پر منتقلی کے اعتراف میں پہلے گرین میس ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان کی پارلیمان کی جانب سے ایوارڈ وصول کیا۔گرین میس ایوارڈ پاکستان کی پارلیمان کو دنیا کی پہلی 100 فیصد شمسی توانائی سے چلنے والی پارلیمان ہونے کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ ہاو¿س میں شمسی توانائی کے استعمال کے علاوہ بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے منصوبے سمیت مختلف ماحول دوست اقدامات بھی اس اعزاز کے حصول کا سبب بنے۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 69ویں دولت مشترکہ پارلیمانی کانفرنس کے جنرل مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے استحکام کے لیے دولت مشترکہ کی پارلیمانوں کو مو¿ثر اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوری اداروں کو شفاف اور جوابدہ بنانا اور عوام کا اعتماد برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمانیں مو¿ثر قانون سازی، نگرانی اور عوام کی بامعنی نمائندگی کے ذریعے جمہوری نظام کو مضبوط بنا سکتی ہیں۔ ادارہ جاتی استحکام، پائیدار ترقی، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور امن کے فروغ کے لیے پارلیمانی قیادت کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دولت مشترکہ محض جغرافیائی وابستگی نہیں بلکہ مشترکہ اقدار سے جڑے ممالک کا منفرد خاندان ہے۔ دولت مشترکہ کا چارٹر قانون کی بالادستی، انسانی حقوق، امن اور بین الاقوامی تعاون کے لیے مشترکہ رہنمائی فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری، ریاستوں کی خودمختاری کا احترام اور تنازعات کا پرامن حل عالمی سطح پر غیر متزلزل اصول ہونے چاہئیں۔ پائیدار امن کے قیام کے لیے تنازعات کو مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنا ناگزیر ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ مسلح تنازعات، موسمیاتی بحران، غذائی عدم تحفظ، سائبر خطرات اور جمہوری اداروں کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کوئی ملک تنہا نہیں کرسکتا۔ عالمی مسائل سے نمٹنے کے لیے مضبوط کثیرالجہتی تعاون اور مو¿ثر پارلیمانی روابط ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ دولت مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشن پارلیمانی سفارت کاری اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے دولت مشترکہ کی پارلیمانوں کو مزید مضبوط بنا سکتی ہے۔ پاکستان دولت مشترکہ کے بانی ارکان میں شامل اور دولت مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشن کا فعال رکن ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی کے مطابق پاکستان پارلیمانی تعاون، بنیادی حقوق کے تحفظ اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان کی پارلیمان قانون سازی، شفافیت اور عوامی شرکت کو بہتر بنانے کے لیے اصلاحات پر بھی کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دولت مشترکہ کی متنوع رکنیت مشترکہ اقدار اور باہمی تجربات سے استفادے کا منفرد موقع فراہم کرتی ہے، جبکہ دولت مشترکہ کے چارٹر کی پاسداری اور نئی حکمت عملی پر مو¿ثر عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *