اسلام آباد :ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 1 روپے 73 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دائر کردی ہے۔ نیپرا درخواست پر 29 ستمبر کو سماعت کرے گا۔ درخواست کی منظوری کی صورت میں اضافے کا اطلاق ڈسکوز کے صارفین کے ساتھ ساتھ کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہونے کا امکان ہے۔ سی پی پی اے کے مطابق اگست میں ڈسکوز کو مجموعی طور پر 14 ارب 46 کروڑ 40 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی، جبکہ فراہم کی جانے والی بجلی کی اوسط لاگت 8 روپے 82 پیسے فی یونٹ رہی۔ دستاویزات کے مطابق اگست میں مجموعی بجلی پیداوار میں پانی سے پیدا ہونے والی بجلی کا حصہ 37.84 فیصد رہا۔ مقامی کوئلے سے 10.88 فیصد جبکہ درآمدی کوئلے سے 15.59 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ سی پی پی اے کے مطابق اگست میں فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 2.15 فیصد رہا، جبکہ مقامی گیس سے 7.04 فیصد اور درآمدی ایل این جی سے 8.48 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ دستاویزات کے مطابق اگست میں فرنس آئل سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 45 روپے 25 پیسے فی یونٹ جبکہ درآمدی ایل این جی سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 45 روپے 92 پیسے فی یونٹ رہی۔ نیپرا کی جانب سے سماعت کے بعد درخواست پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا، جس کے بعد ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں اضافے یا کمی کا تعین ہوگا
اہم خبرپاکستانکاروبار
بجلی صارفین پر اضافی بوجھ کا امکان، فی یونٹ 1 روپے 73 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست
