کوئٹہ: بلوچستان میں کفایت شعاری اقدامات کے تحت سرکاری دفاتر میں ہفتے میں تین دن تعطیلات کے فیصلے پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔
حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو سرکاری دفاتر بند رہیں گے جبکہ پیر، منگل، بدھ اور جمعرات کو دفتری امور انجام دیے جائیں گے۔
اس فیصلے کے تحت آج جمعہ کے روز صوبے کے مختلف سرکاری دفاتر بند رہے اور نئے شیڈول پر عملدرآمد کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔
صوبائی حکومت کے مطابق یہ اقدام کفایت شعاری مہم اور توانائی کے مؤثر استعمال کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ سرکاری اخراجات میں کمی لائی جا سکے اور وسائل کا بہتر استعمال ممکن بنایا جا سکے۔
