الخیر ٹرسٹ ریلیف فانڈیشن کے چیئرمین محمد طاہر انصاری نے یومِ مئی کے موقع پر محنت کشوں کے پرعزم لیڈر، پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل لالا سلطان خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر طاہر انصاری نے کہا کہ یومِ مئی صرف ایک تاریخ نہیں بلکہ پسینے اور ہاتھوں کی ان گنت محنت کا دن ہے، جس سے دنیا کا پہیہ چلتا ہے۔
طاہر انصاری نے کہا کہ لالا سلطان خان وہ شخصیت ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کا ایک ایک لمحہ مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کے پامال شدہ حقوق کی بحالی کے لیے وقف کر رکھا ہے۔ ان کی قیادت میں بلوچستان اور بالخصوص کان کنی کے شعبے سے وابستہ لاکھوں محنت کشوں کو ایک مضبوط آواز ملی ہے۔ ان کی انتھک کوششوں سے ہزاروں گھرانوں کے چولہے جل رہے ہیں اور بے شمار محنت کشوں کو باعزت روزگار میسر آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لالا سلطان خان کے کانکنی کے کئی منصوبے اور صنعتیں نہ صرف فعال ہیں بلکہ خوش اسلوبی سے ترقی کی منازل طے کر رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جہاں فیکٹریاں بند ہو رہی ہوں اور مزدور “زندگی کی تلاش میں موت کے سائی” (کانوں)میں اترتا ہو، وہاں لالا سلطان خان جیسے رہنما ایک ڈھال بن کر کھڑے نظر آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کا راز اس کے کارخانوں، کھیتوں اور کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کے ہاتھوں میں چھپا ہوتا ہے۔
الخیر ٹرسٹ ریلیف فانڈیشن ہمیشہ اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ جب تک مزدور خوشحال نہیں ہوگا، ریاست ترقی نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا: “مزدور کو اس کی مزدوری پسینہ سوکھنے سے پہلے ادا کرنی چاہیے۔”یومِ مئی کے موقع پر لالا سلطان خان کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مزدوروں کی صحت، تعلیم اور محفوظ زندگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
