سپورٹس

فاسٹ بولر زمان خان کندھے کی انجری کا شکار، پی ایس ایل میں شرکت مشکوک

پاکستان کے فاسٹ بولر زمان خان نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوران انجری کا شکار ہو گئے ہیں جس کے بعد پاکستان سپر لیگ میں ان کی شرکت غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو گئی ہے۔ کرکٹ بورڈ کے مطابق فاسٹ بولر کو میچ کے دوران کندھے کی انجری پیش آئی جس کے باعث انہیں فوری طبی معائنے کی ضرورت پڑی۔

اطلاعات کے مطابق زمان خان پشاور اور فیصل آباد کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہوئے، جس کے نتیجے میں ان کے کندھے کا جوڑ اتر گیا۔ اس واقعے کے بعد انہیں مزید معائنے اور علاج کے لیے لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

کرکٹ بورڈ کے مطابق زمان خان کی طبی حالت کا جائزہ لینے کے لیے میڈیکل پینل تشکیل دیا گیا ہے جو ان کی مکمل ریکوری اور ری ہیب پلان تیار کرے گا۔ ماہرین کی نگرانی میں فاسٹ بولر کے علاج اور بحالی کا عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ وہ جلد از جلد دوبارہ میدان میں واپسی کے قابل ہو سکیں۔

ابتدائی اندازوں کے مطابق زمان خان کی مکمل فٹنس بحال ہونے میں چار سے چھ ہفتے لگ سکتے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث پاکستان سپر لیگ میں ان کی شرکت مشکوک ہو گئی ہے، تاہم حتمی فیصلہ ان کی صحت اور میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں کیا جائے گا۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *