اسلام آباد : پاکستان میں ٹیکسٹائل صنعت کے فروغ، غیر ملکی سرمایہ کاری کے حجم میں اضافے اور برآمدی صلاحیت بڑھانے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پاکستان میں 2014 سے سرمایہ کاری کرنے والی چینی کمپنی چیلنج فیشن نے ملک میں جدید ٹیکسٹائل برآمدی مرکز قائم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس سے بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا ہونے اور برآمدات میں اضافے کی توقع ہے۔چیلنج فیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر چن یان کے مطابق کمپنی پاکستان میں کپڑے اور ملبوسات کی تیاری کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ایک بڑی فیکٹری قائم کرنے جا رہی ہے۔ منصوبے کا مقصد پاکستان کو ٹیکسٹائل مصنوعات کی تیاری اور برآمدات کے لیے ایک جدید مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرنا ہے۔چن یان نے بتایا کہ کمپنی اب تک پاکستان سے 300 ملین ڈالر سے زائد مالیت کی ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کر چکی ہے، جبکہ نئے منصوبے کے تحت صنعتی سرگرمیوں اور برآمدی حجم کو مزید وسعت دی جائے گی۔ان کے مطابق مجوزہ منصوبے سے 25 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے، جبکہ سالانہ 400 ملین ڈالر سے زائد کی ٹیکسٹائل برآمدات کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔چینی کمپنی کی جانب سے جدید پیداواری سہولیات کے قیام کو پاکستان کے ٹیکسٹائل شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری، صنعتی توسیع اور برآمدی استعداد بڑھانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اہم خبرپاکستان
چینی کمپنی کا پاکستان میں جدید ٹیکسٹائل برآمدی مرکز قائم کرنے کا اعلان
