اسلام آباد: پاکستان اور برطانیہ نے اقتصادی اصلاحات، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی معاشی اصلاحات، میکرو اکنامک استحکام، سرمایہ کاری کے مواقع اور عالمی کیپیٹل مارکیٹس تک رسائی سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران برطانوی جانب سے پاکستان کے اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے میں تکنیکی معاونت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے حجم میں اضافے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے برطانوی وفد کو حکومت کی چھ اہم اقتصادی ترجیحات سے آگاہ کیا اور معاشی استحکام کو پائیدار ترقی، سرمایہ کاری اور برآمدات پر مبنی معیشت میں تبدیل کرنے کے لیے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔ ملاقات میں ٹیکس انتظامیہ کو بہتر بنانے، ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ اور سرکاری اخراجات میں مو¿ثر انتظام سمیت مختلف اصلاحات پر گفتگو ہوئی۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانے کے لیے ریگولیٹری اصلاحات اور سرمایہ کاروں کو مو¿ثر سہولت کاری فراہم کرنے کے اقدامات بھی زیر بحث آئے۔ فریقین نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے نجی شعبے کی سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا۔ اس موقع پر برطانوی کمپنیوں اور پاکستانی ڈائسپورا کو پاکستان کے نجی شعبے اور اقتصادی ترقی میں مزید فعال کردار ادا کرنے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے موجود امکانات کا جائزہ لیتے ہوئے ادارہ جاتی استعداد کار بہتر بنانے اور نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔ ہوا بازی کے شعبے میں بین الاقوامی فنانسنگ اور سرمایہ کاری کے امکانات بھی زیر غور آئے، جبکہ برطانوی وفد کو پاکستان کی بیرونی فنانسنگ حکمت عملی اور عالمی کیپیٹل مارکیٹس تک رسائی کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت معیشت کو سرمایہ کاری اور برآمدات پر مبنی ترقی کی جانب لے جا رہی ہے، جس کے لیے کاروباری ماحول میں بہتری، سرمایہ کاری کے فروغ اور ادارہ جاتی اصلاحات پر توجہ دی جا رہی ہے۔ دونوں جانب سے اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے، اصلاحاتی عمل میں تکنیکی معاونت جاری رکھنے، ادارہ جاتی استعداد مضبوط بنانے اور نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے پر اتفاق کیا گیا
اہم خبرپاکستان
پاکستان اور برطانیہ کا اقتصادی اصلاحات، تجارت اور سرمایہ کاری تعاون بڑھانے پر اتفاق
