اہم خبرپاکستان

وزیراعظم کا 2 سال میں 5 لاکھ طالب علموں کو کروم بکس دینے کا اعلان

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر کے سرکاری اسکولوں اور دینی مدارس کے پانچ لاکھ ہونہار طلباء و طالبات کو کروم بکس فراہم کرنے کے پروگرام کا اجرا کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ یہ جدید ڈیجیٹل آلات آئندہ دو سال کے دوران طلبہ تک پہنچائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی تاکہ وہ مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوکر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔ اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کروم بکس کی تقسیم میں صرف میرٹ، محنت اور قابلیت کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت طلباء و طالبات کو کروم بکس کے ساتھ بیگز اور انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے والی مائی فائی ڈیوائسز بھی دی جا رہی ہیں، جن کی مدد سے وہ گھروں میں بیٹھ کر ای لائبریریوں اور دنیا بھر میں دستیاب تعلیمی وسائل سے استفادہ کرسکیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی تک رسائی نوجوانوں کے لیے علم کے نئے دروازے کھولے گی اور انہیں عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کے قابل بنائے گی۔ ان کے مطابق تعلیم ایسی دولت ہے جسے کوئی چھین نہیں سکتا، جبکہ قابلیت اور محنت انسان کو معاشرے میں نمایاں مقام دلاتی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے سابق دور حکومت میں نواز شریف کی قیادت میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے چھ لاکھ نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے تھے۔ اس پروگرام کے ذریعے مستحق اور یتیم طلبہ کو بھی آگے بڑھنے کے مواقع ملے، کیونکہ ذہانت اور محنت کا تعلق کسی کی مالی حیثیت سے نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں چھ لاکھ لیپ ٹاپ دس سال کے عرصے میں تقسیم کیے گئے، جبکہ موجودہ پروگرام کے تحت پانچ لاکھ ہونہار طلباء و طالبات کو صرف دو سال میں کروم بکس فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔وزیراعظم نے کورونا وبا کے دوران طلبہ کو فراہم کیے گئے لیپ ٹاپس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان آلات نے تعلیم جاری رکھنے میں اہم کردار ادا کیا اور متعدد طلباء اپنی تعلیم مکمل کرکے ڈاکٹرز، انجینیئرز اور دیگر شعبوں کے پروفیشنلز بنے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نئی اسکیم بھی نوجوانوں کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی میں معاون ثابت ہوگی۔وزیراعظم نے کروم بکس کی فراہمی کے لیے عطیہ دینے پر ٹوکیو کیئر فاؤنڈیشن کے بانی راشد منہاس اور ان کی ٹیم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی دن رات محنت کرکے ملک کا نام روشن کرتے ہیں اور اس منصوبے میں ان کا تعاون پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نوجوانوں کو عزت دینے، ان کی حوصلہ افزائی کرنے اور انہیں بہتر مستقبل کے مواقع فراہم کرنے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ فاؤنڈیشن کی جانب سے پانچ لاکھ کروم بکس کی فراہمی نوجوانوں کو ڈیجیٹل سہولیات سے منسلک کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر طلبہ کو انٹرنیٹ کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق ایک مائی فائی کنکشن سے پانچ مزید بچے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 25 لاکھ بچوں تک اس پروگرام کے فوائد پہنچنے کی توقع ہے۔رانا مشہود نے کہا کہ دانش اسکولوں کے ذریعے بھی مستحق طلباء کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بدلتے ہوئے تعلیمی تقاضوں کے مطابق نوجوانوں کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری میں پاکستان کے مؤثر کردار کو مزید مستحکم بنانے کے لیے تعلیم کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانا ضروری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی تک رسائی نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنائے گی اور ملکی ترقی میں ان کی شمولیت کو فروغ دے گی۔ٹوکیو کیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین راشد منہاس نے وزیراعظم اور ان کی ٹیم کو نوجوانوں کو ترجیحات میں نمایاں مقام دینے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ فاؤنڈیشن نے سرکاری اسکولوں اور دینی مدارس کے طلباء و طالبات کو کروم بکس فراہم کرنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن کا مقصد طلباء و طالبات کو ڈیجیٹل دنیا کے ساتھ منسلک کرنا ہے تاکہ وہ جدید تعلیمی ذرائع سے فائدہ اٹھا سکیں اور اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکیں۔تقریب میں سابق قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے طالب علم سید شمس رضا اور گلگت بلتستان کے مدرسے میں زیر تعلیم عالمہ مہک صابر نے بھی اظہار خیال کیا۔وزیراعظم نے سید شمس رضا کی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد شہید ہوچکے ہیں، تاہم مشکل حالات کے باوجود وہ محنت کرکے ایک قابل پاکستانی بننے اور ملک و قوم کی خدمت کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے ان کے حوصلے اور جستجو کو سراہا۔مہک صابر کی پراعتماد گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دینی مدارس کے طلباء و طالبات میں بھی بھرپور صلاحیتیں موجود ہیں، جنہیں مواقع فراہم کرکے مزید نکھارا جا سکتا ہے۔کروم بکس حاصل کرنے والے طلباء نے کہا کہ دینی مدارس کے طلباء و طالبات کو اس پروگرام میں شامل کرنا خوش آئند ہے۔ ان کے مطابق دینی تعلیم کے ساتھ جدید اور دنیاوی تعلیم بھی ضروری ہے تاکہ وہ ملکی ترقی اور خوشحالی میں مؤثر کردار ادا کرسکیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ اسلام آباد میں حال ہی میں دانش اسکول کا افتتاح کیا گیا ہے، جبکہ ملک بھر میں 27 دانش اسکول زیر تعمیر ہیں۔ ان کے مطابق ان اداروں میں معیاری تدریس، تربیت یافتہ اساتذہ، اسمارٹ بورڈز، ای لائبریریوں اور کھیلوں سمیت غیر نصابی سرگرمیوں کی سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ان اسکولوں میں مستحق بچوں کو مفت تعلیم کے ساتھ رہائش اور کھانے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کو بہتر مواقع دے اور انہیں ذمہ دار، باصلاحیت اور باکردار شہری بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔تقریب کے اختتام پر وزیراعظم نے ہونہار طلباء و طالبات میں کروم بکس تقسیم کیں۔ اس موقع پر اسلام آباد کے چاق و چوبند دستے نے طلباء کو سلامی پیش کی، جبکہ تقریب میں ”پانچ لاکھ کروم بک، پانچ لاکھ خواب“ کے عنوان سے تھیم سانگ بھی پیش کیا گیا۔حکومت کے مطابق یہ پروگرام سرکاری اسکولوں اور دینی مدارس کے قابل طلباء و طالبات کو ڈیجیٹل وسائل تک رسائی دینے اور تعلیم کے میدان میں ان کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کی کوشش کا حصہ ہے۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *