پاکستان کے مایہ ناز اسپنر ابرار احمد کی دی ہنڈریڈ لیگ کی فرنچائز سن رائزرز لیڈز میں شمولیت نے کرکٹ حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں بھارت کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے اس فیصلے پر سخت ردعمل دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گواسکر نے سن رائزرز گروپ کی بھارتی مالکن کاویا مران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کسی پاکستانی کھلاڑی کو فرنچائز میں شامل کرنے سے حاصل ہونے والی رقم بالآخر ٹیکس کی صورت میں پاکستان حکومت تک پہنچتی ہے۔ انہوں نے اس عمل کو متنازع قرار دیتے ہوئے اسے بھارتی مفادات کے خلاف بتایا۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ نے اس معاملے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ بورڈ کے مطابق دی ہنڈریڈ لیگ ان کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی، اس لیے وہ اس معاملے میں کوئی مداخلت نہیں کر سکتے۔
واضح رہے کہ سن رائزرز لیڈز نے حالیہ پلیئرز نیلامی میں ابرار احمد کو ایک لاکھ 90 ہزار پاؤنڈز میں اپنی ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔ ابرار احمد کی شمولیت کو کرکٹ کے شائقین کی جانب سے دلچسپی سے دیکھا جا رہا ہے، جبکہ اس پر مختلف حلقوں میں ملے جلے ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔
