اٹک تھانہ صدر اٹک کے علاقے تربیلہ روڈ پر سی سی ڈی پولیس اٹک اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک خطرناک اشتہاری ملزم ہلاک ہو گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت محمد وسیم ولد نور رحمان کے نام سے ہوئی ہے، جو ایبٹ آباد (حویلیاں) کا رہائشی اور حال کوئٹہ بلوچستان میں مقیم تھا۔
ملزم گاڑی چوری، منشیات فروشی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھا اور مختلف اضلاع کوئٹہ، راولپنڈی اور اٹک میں متعدد مقدمات میں مطلوب تھا ،پولیس کے مطابق ملزم کو رواں سال 2026 میں تھانہ ٹیکسلا، ضلع راولپنڈی کے ایک مقدمہ میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم دوران جسمانی ریمانڈ سی سی ڈی راولپنڈی کی حراست سے فرار ہو گیا تھا۔ سی سی ڈی اٹک کو ملزم کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کے دوران اس کے ساتھیوں کی جانب سے شدید فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا۔
جوابی کارروائی میں ملزم ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس نے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ سی سی ڈی پنجاب لاہور کے سربراہ اور ریجنل آفیسر راولپنڈی نے کامیاب کارروائی پر سی سی ڈی اٹک ٹیم کو شاباش دی ہے۔
