بلوچستان

مہنگائی کا جن بے قابو، گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ

کوئٹہ ملک میں مہنگائی کا جن بے قابو ہوچکا ہے اسی کے باعث کوئٹہ میں بھی کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا جہاں گھی 70روپے کلو اور کوکنگ آئل 40 روپے فی لٹر تک مہنگا ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں کوکنگ آئل کی فی لٹر قیمت میں 30 سے 40 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، اسی طرح گھی کی قیمت میں 70 روپے کلو تک اضافہ ہوچکا ہے، جس کے نتیجے میں کوئٹہ میں درجہ اول گھی 560 روپے سے بڑھ کر 600 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے، درجہ دوم گھی بھی مہنگا ہوا ہے جس کی قیمت پہلے 480 روپے کلو تھی لیکن اب 550 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، اسی طرح درجہ اول کوکنگ آئل 580 روپے سے بڑھ کر 600 روپے لٹر میں فروخت ہو رہا ہے، درجہ دوم کوکنگ آئل 530 روپے سے بڑھ کر 560 روپے لٹر تک پہنچ چکا ہے۔

دوسری طرف لاہور شہر میں بھی مہنگائی میں اضافہ ہوچکا ہے جس سے عام شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، شہر کے بیشتر تندوروں پر سادہ روٹی دستیاب نہیں جب کہ مختلف علاقوں میں اس کی قیمت میں 6 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے، کئی مقامات پر سادہ روٹی 20 روپے تک فروخت کی جا رہی ہے، جس پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے کیوں کہ تندور مالکان نے خود ساختہ طور پر قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے نئے ریٹس نافذ کر دیئے ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ متعدد علاقوں میں ان قیمتوں پر فوری عملدرآمد بھی شروع ہو چکا ہے، تندور مالکان کا مؤقف ہے کہ ’ایل پی جی اور آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث ان کے اخراجات بڑھ گئے ہیں، اسی وجہ سے روٹی کی قیمت بڑھانا مجبوری بن گیا ہے‘، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ ’بڑھتی مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی مزید مشکل بنا دی ہے اور حکومت کو فوری ریلیف اقدامات کرنے چاہئیں‘۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *