کوئٹہ پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن بلوچستان اسمبلی لیاقت لہڑی سے سول سیکرٹریٹ میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے سیاسی و سماجی رہنماؤں اور عوامی وفود نے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی و سیاسی صورتحال، عوامی مسائل اور بالخصوص ٹرانسپورٹ کے شعبے میں درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفود نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل اور عوامی مشکلات سے آگاہ کیا، جس پر لیاقت لہڑی نے کہا کہ حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور تمام مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل میں تاخیر نہ کی جائے اور ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن بلوچستان اسمبلی لیاقت لہڑی نے کہا کہ سیاسی و عوامی رابطہ مضبوط بنانے سے ہی مسائل کا درست ادراک ممکن ہوتا ہے اور حکومت ہر سطح پر عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
