صوبائی وزیر و پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما حاجی میر علی مدد جتک نے کہا ہے کہ پیپلز ائیر ایمبولینس منصوبہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے عوام دوست وژن اور صوبائی حکومت کی فلاحی پالیسیوں کا عملی مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ بلوچستان کے عوام، خصوصاً دوردراز اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے افراد کے لیے ایک عظیم تحفہ ثابت ہوگا۔
حاجی میر علی مدد جتک نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست کا بنیادی مقصد عوام کی خدمت اور انہیں جدید سہولیات کی فراہمی ہے۔ پیپلز ائیر ایمبولینس منصوبہ اسی سوچ کا تسلسل ہے جس کے ذریعے ایمرجنسی صورتحال میں مریضوں کو بروقت بڑے ہسپتالوں تک منتقل کرنا ممکن ہو سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایک وسیع رقبے پر مشتمل صوبہ ہے جہاں کئی علاقے طبی سہولیات سے محروم ہیں۔
اس منصوبے سے ایسے علاقوں کے عوام کو فوری طبی امداد کی سہولت میسر آئے گی جس سے قیمتی انسانی جانوں کو بچانے میں مدد ملے گی۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں صوبے کے عوام کی طرزِ زندگی بہتر بنانے، صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ پیپلز ائیر ایمبولینس منصوبہ بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے گی تاکہ صوبے کے ہر شہری کو ترقی کے ثمرات پہنچ سکیں۔
