پاکستان

روسی ایجنٹ کو خفیہ معلومات دینے کا الزام: وزارتِ دفاعی پیداوار کے چار ملازمین کو قید کی سزائیں

اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت نے وزارتِ دفاعی پیداوار کے چار سول ملازمین کو غیر ملکی ایجنٹ کے ساتھ حساس معلومات شیئر کرنے کے جرم میں قید کی سزائیں سنا دی ہیں۔ عدالت نے یہ سزائیں آفیشل سیکرٹس ایکٹ 1923 کی دفعات تین اور چار کے تحت سنائیں۔

عدالتی فیصلے کے مطابق صفدر رحمان کو 10 سال قید جبکہ تنزیل الرحمان، محمد وقار اور محمد طاہر کو پانچ پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مقدمے میں شامل دو دیگر افراد کو شواہد کی کمی کے باعث بری کر دیا گیا، کیونکہ عدالت کے مطابق انہوں نے نہ تو کسی غیر ملکی ایجنٹ یا روسی سفارتکار سے ملاقات کی اور نہ ہی براہ راست خفیہ معلومات فراہم کیں۔

قانون کے مطابق آفیشل سیکرٹس ایکٹ کی ان دفعات کے تحت جرم ثابت ہونے پر زیادہ سے زیادہ 14 سال قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔ دفعہ تین دشمن کو فائدہ پہنچانے یا دفاعی نوعیت کی حساس معلومات فراہم کرنے سے متعلق ہے جبکہ دفعہ چار دشمن ایجنٹ سے رابطہ رکھنے کے جرم پر لاگو ہوتی ہے۔

استغاثہ کے مطابق اس مقدمے میں سزا پانے والے افراد کو سنہ 2022 سے ضمانت حاصل تھی، تاہم عدالت نے شواہد کی بنیاد پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں مجرم قرار دے دیا۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *