بیجنگ(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بیجنگ کے دورے پر ہیں جہاں ان کی چینی ہم منصب وانگ یی سے ملاقات ہوئی۔
بی بی سی اردو کے مطابق خبر رساں ادارے روئیٹرز کے مطابق عباس عراقچی نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں ایران صرف ایک ’منصفانہ اور جامع معاہدہ‘ ہی قبول کرے گا۔
ایرانی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے روئیٹرز نے رپورٹ کیا کہ وانگ یی سے ملاقات کے بعد ایرانی وزیر خارجہ کا مؤقف تھا: ’مذاکرات میں ہم اپنے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے پوری کوشش کریں گے۔‘
جبکہ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے اپنے ایرانی ہم منصب سے کہا کہ چین دو ماہ سے زائد عرصے سے جاری جنگ پر ’شدید تشویش‘ کا شکار ہے اور اس صورتحال میں ایک ’جامع جنگ بندی‘ ناگزیر ہے۔
28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد یہ ایرانی وزیر خارجہ کا چین کا پہلا دورہ تھا۔
اے پی کے مطابق ملاقات کے دوران وانگ یی نے کہا: ’ہم سمجھتے ہیں کہ فوری طور پر ایک جامع جنگ بندی کی ضرورت ہے، جنگ کا دوبارہ شروع ہونا قابل قبول نہیں، اور یہ خاص طور پر ضروری ہے کہ مکالمے اور مذاکرات کے لیے عزم برقرار رکھا جائے۔‘
