کراچی امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں تعلیم کارڈ کا اجرا ء کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق حافظ نعیم الرحمان کی زیر صدارت گلبرگ جم خانہ کے وسیع و عریض گراؤنڈ میں منعقدہ تقریب میں ٹاؤن سکولوں کے 5 ہزار طلباء وطالبات کو ڈیجیٹل تعلیمی کارڈ جاری کیےگئے۔کارڈ کے ذریعے طلباء 10 ہزار روپے کی خریداری کرسکیں گے، جس میں کتابیں، کاپیاں، سٹیشنری، یونیفارم سمیت دیگر تعلیمی اشیاء شامل ہیں۔
’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق حافظ نعیم الرحمان نے تقریب سے خطاب میں ٹاؤن چیئرمین نصرت اللہ اور ان کی پوری ٹیم اور تعلیمی کارڈ کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں تعاون کرنے والے اہل خیر افراد اور اداروں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئےکہا کہ 14 لاکھ بچے بچیاں اس پروجیکٹ میں رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، ہم نے اپنے 9 ٹاؤنز میں آنے والے تقریباً 50 سکولوں کو اپ گریڈ کیا ہے اور ان کی بدحالی کو ختم کرکے مثالی سکول بنا دیا ہے۔ تعلیم حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے اور بڑی بدقسمتی ہے یہ ذمہ داری پوری نہیں کی جا رہی، پورے ملک میں 2کروڑ 62 لاکھ اور سندھ میں 78 لاکھ بچے جن کی عمر سکول جانے کی ہے وہ سکول جانے سے قاصر ہیں۔ یہ بچے ہی ہمارا مستقبل ہیں ہم ان کو بے رحم، نا اہل اور کرپٹ حکمرانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔
