نیویارک:نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی نیویارک میں خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی،جنوبی کوریا کے وزیرخارجہ چوہیون اور جرمن ہم منصب جوہان ویڈیفل سے ملاقاتیں ہوئیں جن میں دوطرفہ دلچسپی کے امور ،باہمی روابط مضبوط کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی ۔ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی نیویارک میں خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات ہوئی۔جی سی سی سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی ۔ترجمان کے مطابق اسحاق ڈارنے پاکستان، جی سی سی تعلقات اور تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔پاکستان اور جی سی سی کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، سیکیورٹی اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگوکی گئی اور پاکستان اور جی سی سی نے علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ چو ہیون سے ملاقات ہوئی۔ملاقات نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی،ملاقات میں پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، اسحاق ڈار نے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے کاروباری سطح پر روابط بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا، جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ نے علاقائی مسائل کے حل کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا، دونوں وزرائے خارجہ نے کثیرالجہتی نظام کی اہمیت پر زور دیا، پاکستان اور جنوبی کوریا نے باہمی دلچسپی کے امور پر اقوام متحدہ اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان جرمنی سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر نیویارک میں اسحاق ڈار اور جرمن ہم منصب کی ملاقات ہوئی۔اسحاق ڈار اور جرمن وزیر خارجہ نے پاک جرمن تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ اورتجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔پاکستان جرمنی نے دفاع، تعلیم، ہنرمند افرادی قوت اور عوامی روابط میں تعاون بڑھانے پر متفق ہوگئے۔جرمن وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار کا اعتراف کیا۔اسحاق ڈار اور جرمن وزیر خارجہ کی علاقائی صورتحال اور فلسطین کی صورتحال پر بھی گفتگوہوئی۔فلسطین میں جنگ بندی، انسانی امداد اور دو ریاستی حل کیلئے عالمی کوششیں جاری رکھنے پر زوردیاگیااسحاق ڈار اور جرمن وزیر خارجہ نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
اہم خبرپاکستان
