ایران کی وزارتِ خارجہ نے امریکہ اور اسرائیل پر الزام لگایا ہے کہ وہ اپنے حملوں میں جان بوجھ کر شہری علاقوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
ایکس پر جاری ایک بیان میں ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ’یہ حملے عالمی منڈیوں کو متاثر کر رہے ہیں، جس کے باعث توانائی کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، کرنسیاں عدم استحکام کا شکار ہو رہی ہیں اور دنیا بھر میں بسنے والے عام لوگوں کی قوتِ خرید بُری طرح متاثر ہو رہی ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’لیکن ہمارے لیے یعنی ایرانیوں کے لیے اس کی قیمت ناقابلِ بیان حد تک زیادہ ہے۔ ہمارے لوگوں کو بے رحمی سے قتل کیا جا رہا ہے کیونکہ حملہ آور جان بوجھ کر شہری علاقوں اور ایسی جگہوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جہاں زیادہ سے زیادہ تکلیف اور جانی نقصان ہو سکے۔‘
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کی بیلسٹک میزائل صلاحیت اور جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔
