پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان کے 16 رُکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ آل راؤنڈر عرفات منہاس اور فاسٹ بولر احمد دانیال کو پہلی مرتبہ ون ڈے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، شاداب خان، عبد الصمد، حارث رؤف، معاذ صداقت، محمد غازی غوری، نسیم شاہ، ابرار احمد، سفیان مقیم، شامل حسین، روحیل نذیر شامل ہیں۔
بنگلہ دیش کے خلاف مارچ میں کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز میں شامل محمد رضوان کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز رواں ماہ کے آخر سے شروع ہو رہی ہے۔ پہلا میچ 30 مئی کو راولپنڈی جبکہ باقی دونوں میچز دو اور چار جون کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
سوشل میڈیا پر بعض صارفین محمد رضوان کو ڈراپ کرنے اور شاداب خان کو شامل کرنے پر تنقید کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کو پہلے ہی تنقید کا سامنا ہے اور ماہرین اسے پاکستان کرکٹ کے لیے سب سے برا دور قرار دے رہے ہیں۔
