ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )پھوکٹ سے دہلی جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز کے پائلٹ سے متعلق ایک مسافر نے سنگین دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پائلٹ پرواز سے قبل نشے میں محسوس ہو رہا تھا، پائلٹ کی آنکھیں سرخ تھیں اور وہ بات کا جواب بھی غیر معمولی طور پر آہستہ آہستہ دے رہا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی 2379 میں 137 مسافر اور 8 عملے کے ارکان سوار تھے، 4 اگست کو دورانِ پرواز اچانک طیارہ تقریباً 300 فٹ نیچے آ گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 20 مسافر اور 4 عملے کے ارکان شدید زخمی ہوئے۔
مسافر نے بتایا کہ میں اور میرا بھائی آخری مسافروں میں شامل تھے اور پائلٹ بھی ہمارے ساتھ ہی طیارے میں سوار ہوا تھا، میں نے پائلٹ سے پرواز کے وقت کے بارے میں سوال کیا تو وہ انتہائی سست رفتاری سے جواب دے رہا تھا اور پائلٹ کی آنکھیں سرخ تھیں۔
مسافر نے بتایا کہ میں نے اسی وقت اپنے بھائی سے کہا تھا کہ پائلٹ نشے میں محسوس ہو رہا ہے۔
مسافر کے مطابق واقعے کے بعد پائلٹ کے بارے میں سامنے آنے والے پہلے نشہ آور اشیاء کے ٹیسٹ کی خبر نے اس کے خدشے کو مزید تقویت دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کپتان کے 2 نشہ آور اشیاء کے استعمال کے ٹیسٹ ناکام ہوئے اور پائلٹ پر چرس استعمال کرنے کا الزام بھی سامنے آیا ہے۔
مسافر نے پرواز کے دوران پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے مزید کہا کہ تقریباً 2 گھنٹے بعد جب ناشتہ پیش کیا جا چکا تھا، اچانک انتہائی زوردار آواز سنائی دی اور میرا بھائی کئی مرتبہ طیارے کی چھت سے جا ٹکرایا، سامان اور دیگر اشیاء فضا میں اچھلنے لگیں جبکہ کئی مسافر زخمی ہو کر مدد کے لیے چیخنے لگے۔
مسافر نے پائلٹ کے رویے پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ واقعے کے بعد پائلٹ کا ایک اہم اقدام مسافروں کو ویڈیو بنانے سے روکنا تھا، پائلٹ نے کہا کہ ’بات کا بتنگڑ بن جائے گا، آپ لوگ ویڈیو نہ بنائیں‘۔
مسافر نے سوال اٹھایا کہ جب لوگ زندگی اور موت کی صورتِ حال سے گزر رہے تھے تو پائلٹ کی توجہ ریکارڈنگ روکنے کے بجائے زخمی مسافروں کو فوری طبی امداد دلانے پر ہونی چاہیے تھی۔
مسافر کا کہنا ہے کہ طیارے میں زخمی ہونے کے باوجود پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ نہیں کی اور دہلی جانے کا فیصلہ کیا، مسافر کے مطابق پائلٹ نے لکھنؤ کے قریب ہونے کا ذکر کیا تاہم کہا کہ وہاں طبی سہولتیں مناسب نہیں، اس لیے دہلی جانا بہتر ہوگا۔
مسافروں نے سوال اٹھایا ہے کہ پائلٹ نے ہنگامی صورتِ حال میں معیاری طریقۂ کار پر عمل کیوں نہیں کیا اور فوری طبی امداد کے لیے کسی قریبی ہوائی اڈے پر طیارہ کیوں نہیں اتارا۔
پشاور میں شادی سے انکار پر لڑکی نے لڑکے پر تیزاب پھینک دیا
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعے اور پائلٹ کے خلاف عائد الزامات کی باضابطہ تحقیقات جاری ہیں۔
اہم خبر
پرواز سے قبل پائلٹ کے نشے میں ہونے کا شبہ، ایئر انڈیا کے مسافر کا اہم بیان
