کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے اتوار کے روز تربت میں گرین بس سروس کا آغاز کردیا۔ اس طرح تربت صوبے کا دوسرا شہر بن گیا ہے جہاں یہ بس سروس شروع کی گئی ہے۔
بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گرین بس سروس تربت کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں شہر میں چار بسیں چلائی جائیں گی جو 18.4 کلومیٹر کے روٹ پر سفر کریں گی اور روزانہ تقریباً 4,500 مسافروں کو سہولت فراہم کریں گی۔ اس روٹ پر 18 بس اسٹاپ قائم کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت خواتین کیلئے خصوصی پنک بس سروس بھی شروع کرے گی جسے آئندہ سال تربت میں متعارف کرایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تربت کی خواتین کیلئے ایک تحفہ ہوگا اور حکومت انہیں زیادہ سے زیادہ سفری سہولیات فراہم کرنا چاہتی ہے۔
افتتاحی تقریب میں سینئر وزیر میر ظہور احمد بلیڈی، وزیر خزانہ شعیب نوشیروانی، وزیر ریونیو عاصم کرد، پارلیمانی سیکریٹری میر اصغر رند اور دیگر صوبائی حکام بھی موجود تھے۔
