ٹیکنالوجی

پاکستان میں 5جی کیلئے اسپیکٹرم نیلامی شروع

پاکستان میں تیز ترین انٹرنیٹ سروس متعارف کرانے کے لیے 5جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا عمل اسلام آباد میں باضابطہ طور پر شروع ہوگیا، جہاں بولی کا پہلا مرحلہ جاری ہے۔

نیکسٹ جنریشن انٹرنیٹ سروس کی نیلامی کا افتتاح وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کیا۔

نیلامی کے اس عمل کے ذریعے ملک میں 5جی سروس متعارف کرانے کی راہ ہموار ہوگی جس سے صارفین کو تیز رفتار انٹرنیٹ کی سہولت میسر آنے کی توقع ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز یعنی 5جی اسپیکٹرم کی نیلامی کو پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں تیز انٹرنیٹ کی راہ ہموار، 5جی اسپیکٹرم کی نیلامی آج

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ برس کے دوران اس نیلامی کے فریم ورک کو حتمی شکل دینے کے لیے وسیع پیمانے پر کوششیں کی گئیں اور آج ان کوششوں کا ثمر سامنے آیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی سربراہی میں قائم اسپیکٹرم کمیٹی نے تفصیلی مشاورت کے بعد ایسا متوازن فریم ورک تیار کیا جس کا مقصد حکومتی آمدن میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکٹرم نیلامی کا عمل دراصل 2021 میں اس وقت شروع ہوا تھا جب موجودہ وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اپنے سابقہ دور میں اس منصوبے کی قیادت کر رہی تھیں۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے اس تسلسل کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومتیں بدلتی رہتی ہیں لیکن پالیسیوں کا تسلسل ہی ترقی کی ضمانت بنتا ہے۔

مزید پڑھیں: انتظار ختم، پاکستان میں 5جی اسپیکٹرم کی نیلامی کی ٹائم لائن کا اعلان ہوگیا

وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈیجیٹل ترقی خود مقصد نہیں بلکہ وسیع تر معاشی اور سماجی ترقی کا ذریعہ ہے، بہتر ڈیجیٹل رابطہ کاری کے ذریعے عوام کو تیز رفتار، کم لاگت اور معیاری خدمات میسر آئیں گی جس سے معیشت کے مختلف شعبوں میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آئی ٹی سے منسلک خدمات کا شعبہ پاکستان کے لیے تیزی سے ترقی کرنے والا میدان ہے اور بہتر ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اس شعبے کو مزید تقویت دے گا، جس سے برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کا کردار ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جس میں نجی شعبہ معاشی ترقی کی قیادت کر سکے۔

اس حوالے سے انہوں نے فری لانسرز کی معاونت، وزیر اعظم کے ڈیجیٹل پاکستان وژن، ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر کی توسیع، ادائیگی کے نظام کی بہتری اور سرکاری ادائیگیوں کی ڈیجیٹلائزیشن جیسے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔

مزید پڑھیں: 5جی آکشن کی تیاریاں مکمل: ابتدائی مرحلے میں پاکستان کے کن مقامات پر دستیاب ہوگا؟

انہوں نے مزید کہا کہ اسپیکٹرم کی دستیابی میں اضافے اور 5جی سروس کے آغاز سے مصنوعی ذہانت، بلاک چین اور ویب 3 جیسی نئی ٹیکنالوجیز کے فروغ میں بھی مدد ملے گی اور پاکستان جدید ڈیجیٹل معیشت کی جانب تیزی سے آگے بڑھے گا۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بہتر ڈیجیٹل رابطہ کاری بحران کے حالات میں بھی نہایت اہم ہوتی ہے کیونکہ اس کے ذریعے آن لائن تعلیم، ریموٹ ورکنگ اور دیگر ڈیجیٹل خدمات کو آسانی سے جاری رکھا جا سکتا ہے۔

تقریب کے اختتام پر انہوں نے اسپیکٹرم کمیٹی کے اراکین اور تمام متعلقہ فریقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسپیکٹرم نیلامی سے پاکستان میں بہتر رابطہ کاری، جدت اور معاشی مواقع کے نئے دروازے کھلیں گے

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *