لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )آسٹریلیا کے سابق مایہ ناز باولر گلین میک گراتھ نے پاکستانی لیجنڈری باولر وسیم اکرم کی کھل کر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وسیم کی چھوٹی انگلی میں جتنی مہارت ہے اتنی میرے پورے جسم میں بھی نہیں ہے۔
آسٹریلیا کے سابق مایہ ناز فاسٹ باولر گلین میک گراتھ نے پاکستان کے لیجنڈری باولر وسیم اکرم کی کھل کر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ظاہر ہے کہ میں وسیم اکرم کو پہلے نمبر پر رکھوں گا، وہ واقعی ناقابلِ یقین تھے، میں انہیں اب تک کے عظیم ترین باؤلرز میں شمار کرتا ہوں، گیند کو دونوں سمتوں میں سوئنگ کرانے کی ان کے پاس جو مہارت تھی، کریز پر ان کی طاقت اور رفتار، سب کچھ ہی ناقابلِ یقین تھا، جیسا کہ آپ نے کہاکہ ان کے ٹیسٹ میں 400 سے زائد اور ون ڈے میں 500 وکٹیں تھیں۔
گلین نے کہا کہ وسیم کا ایکشن بھی بالکل منفرد تھا، وہ زیادہ اچھل کر گیند نہیں کراتے تھے، بس کریز پر اس رفتار اور طاقت سے آگے بڑھتے تھے کہ آپ کو پتا ہی نہیں چلتا تھا، ان کا پچھلا پاؤں دراصل اسکرین کی طرف ہوتا تھا، تو یقیناً آپ کسی کو ایسا کرنے کا مشورہ نہیں دیں گے۔ لیکن اس انداز نے انہیں کریز سے پوری طاقت کے ساتھ گزرنے میں مدد دی۔اور جب میں نے پہلی بار ان کا سامنا کیا تو میں گیند کا انتظار کر رہا تھا اور مجھے یہ احساس ہی نہیں ہوا کہ وکٹ کیپر کے پاس گیند پہنچ چکی ہے، اس لیے میں بالکل بے بس تھا۔ جب میں وسیم کے سامنے بیٹنگ کرتا تھا تو میں ہمیشہ کہا کرتا تھا کہ وسیم کے ایک ہاتھ کی چھوٹی انگلی میں جتنی مہارت ہے، اتنی میرے پورے جسم میں بھی نہیں۔
پاکستانسپورٹس
وسیم اکرم کی چھوٹی انگلی میں جتنی مہارت ہے اتنی میرے پورے جسم میں بھی نہیں : گلین میک گراتھ
