پاکستان

اسلام آباد میں شیشہ کیفے چلانے پر تاحکم ثانی مکمل پابندی عائد

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ضلعی انتظامیہ نے شیشہ کیفے کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے تاحکم ثانی شیشہ کیفے چلانے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔ پابندی کا دائرہ کار ان شیشہ کیفے تک بھی بڑھا دیا گیا ہے جن کے پاس باقاعدہ این او سی موجود ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والے کیفے کو سیل کرنے اور مالکان کے خلاف مقدمات درج کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو جاری احکامات کے مطابق شہر بھر میں شیشہ کیفے کے ان ڈور اور آوٹ ڈور آپریشن پر پابندی ہوگی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق پابندی کا اطلاق تمام شیشہ کیفے پر ہوگا، چاہے ان کے پاس متعلقہ این او سی موجود ہی کیوں نہ ہو۔ کسی بھی مقام پر شیشہ چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ احکامات میں اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں بلا تفریق کارروائیاں کرتے ہوئے شیشہ کیفے کی روزانہ کی بنیاد پر انسپکشن یقینی بنائیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق پابندی کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ کیفے کو فوری طور پر سیل کردیا جائے گا جبکہ مالک کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ شیشہ کیفے کے حوالے سے جاری پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *