اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کے خلاف برطانیہ اور دیگر ممالک کے اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے کی غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے آنے والی اشیا پر پابندی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی مسلسل توسیع بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ غیر قانونی بستیوں کی توسیع دو ریاستی حل کے حصول کی عالمی کوششوں اور خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے کینیڈا، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، آئس لینڈ، آئرلینڈ، ناروے، پولینڈ، پرتگال، اسپین اور سویڈن کی جانب سے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کے خلاف اسی نوعیت کے اقدامات پر غور کا بھی خیرمقدم کیا ہے۔سجاد حیدر خان نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدامات مقبوضہ فلسطینی علاقے میں غیر قانونی اقدامات کو واضح اور دوٹوک انداز میں مسترد کرنے کا پیغام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی حقِ خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کے ساتھ کھڑا ہے اور اس کی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان نے ایک خودمختار، آزاد اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی ریاست 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر قائم ہونی چاہیے اور **القدس الشریف فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہونا چاہیے
انٹرنیشنلاہم خبرپاکستان
پاکستان کا مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کے خلاف اقدامات کا خیرمقدم
