لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے الیکشن کمشن نے انتخابات کے انتظامات کے حوالے سے ممبران کو باضابطہ بریفنگ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ الیکشن کمشن کی اولین ترجیح انتخابات کا شفاف، منظم، پرامن اور قانون کے مطابق انعقاد ہے اور اس مقصد کیلئے تمام ضروری انتظامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ پہلی مرتبہ ڈی جی ٹی او کی جانب سے لاہور چیمبر کے انتخابات کیلئے 2 ابزرورمقرر کئے گئے ہیں تاکہ انتخابی عمل شفاف اور غیر جانبداری پر مبنی ہو۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ممبران کو بتایا گیا کہ قانون کے مطابق 15 جولائی 2026 تک الیکشن شیڈول کو حتمی شکل دینا ضروری تھا، جس کے پیش نظر 13 جولائی 2026 کو ایگزیکٹیو کمیٹی میٹنگ میں انتخابات کیلئے مناسب مقام سمیت الیکشن شیڈول کو حتمی شکل دی گئی۔ اسی موقع پر الیکشن کمشنرز کا تقرر بھی عمل میں لایا گیا، جن میں الیکشن کمیشن میں ملک خالد گوجر کے ساتھ شیخ سجاد افضل اور شاہد بیگ شامل ہیں۔الیکشن کمیشن نے شفاف اور قابلِ اعتماد انتخابی عمل کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشنز بلال پاشا کی جانب سے کیے جانیوالے اقدامات پر خصوصی شکریہ اور خراجِ تحسین پیش کیا۔
پاکستانکاروبار
