کوئٹہ : آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر کی خصوصی ہدایت پر پولیس نے عوام کی شکایات پر فوری نوٹس لیتے ہوئے محکمانہ خود احتسابی عمل کو یقینی بناتے ہوئے گزشتہ چھ ماہ میں درج ہونے والی 615 شکایات میں سے 562 شکایات کو نمٹا دیا گیا 26 کو موخر جبکہ 6 اہلکاروں پر الزام ثابت ہونے پر 3 کو جبری ریٹائر ، 3 کو نوکری سے فارغ کرکے 6 اہلکاروں کی سروس ضبطگی کی اور 4 کیسز میں مختلف نوعیت کی سزا دی گئی۔ 112شکایات کو جان پڑتال کے بعد بے بنیاد قرار دیکر فائل کیا گیا۔ یہ عمل تواتر کے ساتھ جاری ہے اور رہے گا۔پولیس کے مطابق درج کرائی گئی شکایات میں 95 اہلکاروں نے اختیارات سے تجاوز 24 نے بد عنوانی، 5 کی حبس بے جا ، 6 کی غلط ایف آئی آر کا اندراج ، 2 کی بے جا تشدد، 17 کی بدتمیزی، بد اخلاقی ، 25 کی ہراسمنٹ ، 27 کی ایف آئی آر کا اندراج نہ کرنا ، 41 کی تفویض کی گئی ذمہ داریوں میں سست روی کا مظاہرہ کرنے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ جبکہ آپسی تنازعات پر 371 شکایات درج کرائی گئی جن میں 160 خاندانی اور 118 رقم کے لین دین، 93 زمین کے تنازعات سے متعلق تھیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمانہ خود احتسابی سیل میں شہریوں کی جانب سے پولیس آفیسران اور اہلکاروں کے خلاف موصول ہونے والی شکایات کو قانونی تقاضوں کے مطابق میرٹ پر کاروائی کی جاتی ہے جس کا مقصد پولیس کے محکمے کو ذمہ دارانہ فرائض کی ادائیگی ممکن بنانے اور عوام کی شکایات کا بروقت ازالہ کرکے انہیں انصاف فراہم کرنا ہے۔ شہریوں کی سہولت کے لئے سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں عوامی شکایات سیل قائم کیا گیا جہاں پر ہر شہری مسائل کے حوالے سے آئی جی پولیس بلوچستان کو شکایت وٹس ایپ نمبر03043470110 پر درج کراسکتے اس کے علاوہ ٹال فری نمبر 81-111775544پر بھی درج کروا ئی جاسکتی ہے۔شہریوں کی سہولت کے لئے تمام پولیس تھانوں کے باہر آویزاں فون نمبرز پر بھی 9203377 / 9204081 / 9204180 / 9204094 پر کال کرکے اپنی شکایا ت درج کرا سکتے ہیں۔ اس حوالے سے عام شہری کو آگاہی دینے کی ہدایات شہری مراکز پر آویزاں کر دی گئی ہیں۔اس کے علاوہ اندرون بلوچستان میں فرائض سرانجام دینے والے آفیسران کو پابند بنایا گیا کہ وہ مقامی لوگوں میں آگاہی و شعور کیلئے اس کی تشہیر کو یقینی بنائیں۔واضح رہے کہ اس سہولت کا مقصد بلوچستان پولیس کے سربراہ تک اپنے جائز شکایات کے ازالے کے لیے براہ راست رسائی، پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کو مضبوط بناکر شفافیت کا فروغ اور ان کی شکایات کا ازالہ بروقت ممکن بنانا ہے۔
اہم خبربلوچستان
گزشتہ چھ ماہ میں درج 615 شکایات میں سے 562 شکایات نمٹا دی گئیں
