بلوچستان

کئی ماہ قبل اغوا ہونے والے مزدور اور منیجر بلوچستان میں بازیاب

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع خضدار میں عالمی بینک کے تعاون سے جاری واٹر چینل منصوبے پر کام کرنے والے 10 مزدوروں اور ایک منیجر کو تقریباً ساڑھے چار ماہ بعد بازیاب کرا لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ان افراد کو 22 اکتوبر 2025 کو اس وقت اغوا کیا گیا تھا جب تقریباً دو درجن مسلح افراد نے خضدار کے علاقے مولا تحصیل میں تعمیراتی کمپنی کے کیمپ کو گھیر لیا اور منصوبے پر کام کرنے والے مزدوروں اور منیجر کو اسلحے کے زور پر ساتھ لے گئے۔ بعد ازاں ایک کالعدم تنظیم نے اس اغوا کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

اغوا ہونے والے مزدوروں میں سے چھ کا تعلق سندھ سے جبکہ چار مقامی رہائشی تھے۔ حکام کے مطابق مغویوں کی بازیابی کیلئے مقامی انتظامیہ اور پولیس نے قبائلی عمائدین کے تعاون سے مشترکہ کوششیں کیں۔

ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ کمپنی کے تمام 11 ملازمین کو گزشتہ رات بازیاب کرا لیا گیا جو تقریباً ساڑھے چار ماہ تک اغوا کاروں کی قید میں رہے۔

اس واقعے نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، خصوصاً بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے چلنے والے منصوبوں پر کام کرنے والے کارکنوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات کو بھی اجاگر کیا تھا۔

حکام کی جانب سے تاحال بازیابی کی تفصیلات یا اس معاملے میں کسی گرفتاری سے متعلق معلومات جاری نہیں کی گئیں۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *