اہم خبرپاکستان

پیٹرول سبسڈی اسکیم 10 ماہ چلانا پڑی تو عوام کے لیے جاری رکھیں گے، علی پرویز ملک

لاہور : وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرول سبسڈی اسکیم جاری رکھے گی، اگر اسے 10 ماہ تک چلانا پڑا تو عوام کے لیے اسے برقرار رکھا جائے گا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا مکمل احساس ہے، عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوتے ہی اس کا فائدہ عوام تک منتقل کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے فی لیٹر 100 روپے ریلیف پر مبنی پیٹرول سبسڈی اسکیم متعارف کرائی گئی ہے، جس کے تحت 60 لاکھ سے زائد افراد رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔ ملک میں 20 سال پرانی موٹر سائیکلوں کی تعداد بھی 2 کروڑ 50 لاکھ سے زائد ہے۔علی پرویز ملک کے مطابق حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے جنگ کے خاتمے تک سبسڈی اسکیم جاری رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے، جبکہ اس منصوبے پر حکومت ماہانہ 35 سے 40 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔وفاقی وزیر نے ملک بھر کے پیٹرول پمپ مالکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بغیر کسی اضافی چارج کے عوام تک سبسڈی کا فائدہ پہنچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ماضی کی طرح بغیر تیاری کے ریلیف دینے کی پالیسی اختیار نہیں کرے گی، کیونکہ ایسی صورتحال ملک کو دیوالیہ پن کے قریب لے جا سکتی ہے۔انہوں نے اپنے گزشتہ ہفتے کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مو¿قف کو درست انداز میں پیش نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا تھا کہ اگر پیٹرول کی قلت پیدا ہوئی تو قیمتوں کو قابو میں رکھنا مشکل ہوگا، تاہم وزیراعظم کے بروقت اور بہتر فیصلوں کے باعث پاکستان میں تیل کی قلت پیدا نہیں ہوگی اور حکومت صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت کی ہمدردیاں شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بھرپور عزم کے ساتھ کارروائیاں کر رہی ہیں، ملک کو دہشت گردی کی نئی لہر کا سامنا ہے اور اس کا مقابلہ اتحاد کے ذریعے کرنا ہوگا۔انہوں نے تمام سیاسی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ باہمی اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف متحد ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کشیدہ ہے اور امریکا ایران جنگ کے باعث خطے میں تناو¿ بدستور موجود ہے۔وفاقی وزیر نے وزیراعظم شہباز شریف کی اقوام متحدہ میں تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے جنگی صورتحال پر پاکستانی عوام کے جذبات کی ترجمانی کی اور خطے کے حالات پر پاکستان کا مو¿قف مو¿ثر انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کا معاملہ بھی عالمی فورم پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان کو مستقل جنگ بندی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور ملک کے نظام کی بہتری کے لیے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست کو دھمکانے والے عناصر اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے، ریاست کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور کسی کو ریاست پر حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وفاقی وزیر نے اپوزیشن سے بھی ملک کو ترجیح دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی سرگرمیاں بعد میں بھی کی جا سکتی ہیں، موجودہ مشکل حالات میں ملکی مفاد مقدم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور حکومت مشکل گھڑی میں پیچھے نہیں ہٹیں گے، پاکستان سے بڑھ کر نہ کوئی سیاست ہے اور نہ کوئی دوسرا مفاد۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *