اہم خبرپاکستان

منیشہ علی نے عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم سربلند کردیا، بلاول بھٹو کی گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد

اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انگولا میں ہونے والے عالمی ایم ایم اے ایف ورلڈ کپ میں گولڈ میڈل جیتنے والی گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی پاکستانی فائٹر منیشہ علی کو مبارکباد پیش کی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ منیشہ علی کی عالمی کامیابی پاکستان کی بیٹیوں کے عزم، حوصلے اور صلاحیتوں کی دنیا بھر میں پذیرائی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی بیٹی نے عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم سربلند کیا ہے اور ان کی کامیابی محض ایک تمغہ نہیں بلکہ پاکستانی خواتین کی صلاحیتوں کا اعتراف بھی ہے۔منیشہ علی نے 20 ستمبر کو انگولا کے دارالحکومت لوانڈا میں میزبان ملک کی فائٹر لیونیلا ازابیل بلائیے کو دوسرے راو¿نڈ میں مقابلے سے دستبرداری پر مجبور کرتے ہوئے شکست دی اور گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں بالخصوص خواتین کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں مزید نکھارنے کے لیے بہتر مواقع اور عالمی معیار کی تربیتی سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ منیشہ علی کی کامیابی پاکستان کے کھیلوں کے روشن مستقبل اور کھیلوں میں خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار کا حوصلہ افزا پیغام ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا اور انہیں زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وڑن کا بنیادی حصہ تھا۔ منیشہ علی کی عالمی کامیابی اس سوچ کو آگے بڑھانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے منیشہ علی، ان کے والدین، کوچز اور پاکستان کی پوری ایم ایم اے برادری کو شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستانی خواتین کھلاڑیوں کی کامیابیاں ملک کے نوجوانوں کے لیے حوصلہ افزا مثال ہیں۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *