سندھ کے مختلف اضلاع میں شدید گرمی کے باعث ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ کراچی کے موسم سے متعلق بھی پیش گوئی جاری کردی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم، شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے ۔ 3 مئی تک صوبے کے وسطی اور بالائی علاقے ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہیں گے۔
اس صورتحال کے زیر اثر جامشورو، دادو، شہید بینظیرآباد، کشمور، گھوٹکی، سانگھڑ، خیرپور، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر کے اضلاع شدید گرمی سے متاثر ہوں گے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق ان اضلاع میں دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گرمی کی شدت کے باعث بالخصوص بچوں، خواتین اور بزرگ افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہییں ۔ دن کے اوقات میں سورج کی براہ راست تپش میں گھروں سے کم نکلیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ گرمی کی لہر کے دوران پانی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو یقینی بنایا جائے، جبکہ کاشتکاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گندم کی فصل موسمی حالات کے مطابق ترتیب دیں اور اپنے مویشیوں کو گرم موسم سے محفوظ رکھیں۔
کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج اور کل شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک تجاوز کر سکتا ہے، جبکہ ہفتے کے روز موسم گرم اور خشک رہنے کے ساتھ معمول سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
اتوار کو کراچی میں درجہ حرارت میں مزید ایک ڈگری اضافے سے پارہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری ہوائیں بدستور فعال رہ سکتی ہیں تاہم مختصر وقت کے لیے مغربی ہوائیں بھی چل سکتی ہیں ۔ موجودہ گرمی کی لہر کے دوران شہر میں ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں ہے۔
