بیجنگ دورۂ چین پر آئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے آغاز پر ابتدائی کلمات میں چینی صدر شی جن پنگ نے کہا: ’پوری دنیا اس ملاقات پر نظر رکھے ہوئے ہے، جبکہ دنیا میں تیزی سے تبدیلیاں آ رہی ہیں اور عالمی صورتحال ہنگامہ خیز ہے۔‘
بی بی سی اردو کے مطابق چینی صدر نے کہا کہ دنیا ایک نئے موڑ پر کھڑی ہے، کیا چین اور امریکہ تعلقات کے نئے دور کا آغاز کر سکتے ہیں؟ صدر ٹرمپ کے لیے ابتدائی کلمات میں شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ کیا چین اور امریکہ ’مل کر عالمی چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور دنیا کے لیے زیادہ استحکام فراہم کر سکتے ہیں؟ کیا ہم اپنی دنیا، دونوں ممالک کے شہریوں اور انسانیت کے مستقبل کے لیے باہمی تعلقات پر مبنی روشن مستقبل تشکیل دے سکتے ہیں؟‘
