اہم خبربلوچستان

ہرنائی شاہرگ کوئلہ کان میں گیس دھماکہ، 4 کانکن جاں بحق، 5 شدید زخمی

کوئٹہ:بلوچستان کے علاقے شاہرگ کے پی ایم ڈی سی کول مائن نمبر 151 میں گیس کے دھماکے کے نتیجے میں 4 کانکن جاں بحق جبکہ 5 شدید زخمی ہوگئے‘ حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے جاں بحق کانکنوں کی لاشیں کان سے نکال لی گئیںسیکورٹی حکام کے مطابق کان میں حادثے کے وقت مجموعی طور پر 9 کانکن موجود تھے۔ گیس دھماکے کے باعث 4 کانکن جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والے کانکنوں کا تعلق سوات سے بتایا گیا ہے۔ حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے جاں بحق کانکنوں کی لاشیں نکالیں، جبکہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے شاہرگ ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے تشویشناک حالت کے باعث انہیں مزید علاج کے لیے کوئٹہ ریفر کر دیا گیا۔ جاں بحق کانکنوں کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔ حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے جبکہ کانکنوں اور ان کے اہلخانہ میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ حکام کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *